این اے 157کی مسیحی سمیت متعدد برادریوں نے پی پی کے امیدواروں کی حمایت کردی
ملتان( نمائندہ نوائے وقت) پاکستان پیپلز پارٹی مینارٹی ونگ جنوبی پنجاب کے زیراہتمام کارنر میٹنگ چک نمبر13ایم آر میں منعقد کی گئی جس کی صدارت سید علی موسیٰ گیلانی ، امیدوار قومی اسمبلی حلقہ 157اور نوید عامر جیوا، امیدوار برائے قومی اسمبلی مینارٹی نشست نے کی۔ اس میٹنگ میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت اور الیکشن 2018میں پاکستان پیپلز پارٹی کے تمام امیدواروں سید علی موسیٰ گیلانی اور رائے منصب امیدوار ایم پی اے کی مسیحی برادری کے ساتھ ساتھ جٹ برادری ، ندیم بلوچ نے پوری بلوچ قوم کی نمائندگے کرتے ہوئے حمایت کااعلان کیا۔ اس کے ساتھ ولیم رندھاوا نے رندھاوا برادری کی طرف سے حمایت کااعلان کیا۔ محبوب گل نے گل برادری کی پوری حمایت کی یقین دہانی کروائی۔ اس کے ساتھ ساتھ مینارٹی کونسلر وسیم رندھاوا، سابقہ مینارٹی کونسلر صادق شاہد، عمران عمانوئیل، لطیف راجو، صابر انتھنی، اشفاق، فہیم اور دیگر نے بھی پی پی پی کی بھر پور حمایت کااعلان کیا۔ کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے سید علی موسیٰ گیلانی، امیدوار قومی اسمبلی حلقہ 157 نے کہا کہ پی پی پی نے ملتان شہر میں جس طرح سے ترقیاتی کام کئے ہیں اور اس کاشمار اب پاکستان کے میٹرو پولیٹن شہروں میں ہوتا ہے۔ اسی طرح میں چک نمبر13ایم آر میں بھی ترقیاتی کاموں کا جال بچھادوں گا۔