یمن، عرب اتحاد کے ساتھ لڑائی میں 30 حوثی باغی ہلاک
صنعاء (آئی این پی) یمن میں عرب اتحاد اور ایران نواز حوثی باغیوں مابین گھمسان کی جنگ جاری ہے، عرب اتحاد کے فضائی حملوں میں 30 سے زیادہ حوثی جنگجو ہلاک ہوگئے۔ بین الاقوامی ذرائع کے مطابق یمن کے مغربی ساحلی علاقے میں واقع نظامت التحیتا اور شمالی صوبے صعدہ میں عرب اتحاد کے فضائی حملوں میں 30 سے زیادہ حوثی جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں ۔اس سے پہلے صعدہ ہی میں مختلف محاذوں پر لڑائی میں پندرہ حوثی جنگجو مارے گئے تھے۔خبر کے مطابق گزشتہ روز عرب اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے التحیتا کے نواح میں واقع متعدد فارمزمیں مسلح حوثیوں کے گروہوں کو فضائی حملوں میں نشانہ بنایا جبکہ حوثیوں کی چار گاڑیاں تباہ اور کمانڈروں سمیت متعدد جنگجو ہلاک ہوئے ہیں۔ دوسری جانب ،شمالی صوبے صعدہ میں علب کے محاذ پر حوثیوں نے چھن جانے والی چوکیوں پر دوبارہ قبضے کے لیے حملہ کیا لیکن یمنی فوج نے ان کے حملے کو ناکام بنا دیا اور اس جوابی کارروائی میں پندرہ حوثی جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں۔حوثی ملیشیا کے خلاف یمنی فوج کی زمینی کارروائی کے ساتھ ساتھ عرب اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے ابواب الحدید اور التباب کے علاقوں میں باغیو ں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے ہیں۔