اسلام کیخلاف نظریہ رکھنے والوں کو ووٹ دینا گناہ کبیرہ ہے: زاہد محمود قاسمی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) مرکزی علماء کونسل کی اپیل پر عوام کی آگاہی کیلئے ’’ووٹ کی شرعی حیثیت‘‘ کے عنوان پر جمعہ کے خطبات دئیے گئے۔ جمعہ کے خطبات میں عوام کو ووٹ کی اہمیت اور اس کی شرعی حیثیت سے آگاہ کیا گیا۔ علمائ، خطبائ، آئمہ مساجد نے جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ووٹ ایک امانت اور اس کا صحیح استعمال اسلامی فریضہ ہے۔ ووٹ کا استعمال اسلامی فریضہ کی بجائے ذاتی مفادات کیلئے کیا گیا تو ملک سے دہشت گردی، انتہاپسندی، بدامنی، غربت وافلاس اور بے روزگاری کا خاتمہ ناممکن ہوگا۔جو امیدواراسلامی نظریہ کیخلاف کوئی نظریہ رکھتا ہو ایسے امیدوار کو ووٹ دینا گناہ کبیرہ ہے۔عوام کی دینی، اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ ووٹ کے ذریعے کسی ایسے امیدوار کو کامیاب نہ ہونے دیں جو اپنی علمی یا عملی قابلیت کے اعتبار سے اس کا اہل نہ ہو۔ مرکزی علماء کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا ہے کہ قرآن مجید کی تعلیمات کی روشنی میں ہمیں ووٹ کو ایک مقدس فریضہ سمجھتے ہوئے اداکرنا ہوگا۔