فٹبال ورلڈ کپ : انگلینڈ اور بیلجیم کا آج تیسری پوزیشن کیلئے مقابلہ
لوزنیکی ۔(اے پی پی) عالمی کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کا چیمپئن کون ہوگا؟ فرانس اور کروشیا کے درمیان اکیسویں ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کا فائنل (کل) اتوار کو روس کے دارلحکومت ماسکو کے لوزنیکی سٹیڈیم میں کھیلا جائیگا، فائنل میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق رات آٹھ بجے شروع ہوگا، میگا ایونٹ اختتامی مرحلے میں داخل، فرانس فٹ بال کی تاریخ میں تیسری مرتبہ فائنل میں پہنچ گیا جبکہ کروشیا کی ٹیم نے پہلی مرتبہ میگا ایونٹ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا، اس سے قبل فرانس نے میگا ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میچ میں بیلجیئم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 1-0 سے شکست دیکر فائنل تک رسائی حاصل کی جبکہ دوسرے سیمی فائنل میچ میں کروشیا نے ایک مرتبہ کی عالمی چیمپئن انگلینڈ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دیکر فٹ بال کی تاریخ میں پہلی مرتبہ میگا ایونٹ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ فرانس کی ٹیم اس سے قبل ایک مرتبہ میگا ایونٹ اپنے نام کر چکی ہے، فرانس نے 1998ء میں پہلی مرتبہ برازیل کو شکست دیکر عالمی کپ فٹ بال ٹورنامنٹ جیت تھا، اس کے بعد 2006ء کے عالمی کپ فٹ بال ٹورنامنٹ میں اس کو اٹلی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اب 2018ء کے عالمی کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ چکی ہے اور اب کروشیا کی ٹیم کو پہلی جبکہ فرانس کو دوسری مرتبہ عالمی کپ فٹ بال ٹورنامنٹ جیتنے کا سنہری موقع ملا ہے، دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے میگا ایونٹ کا ٹائٹل جیتنے کے حوالے سے بیان دیا ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان عالمی کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کا فائنل میچ انتہائی سخت اور کانٹے دار ہوگا۔ شائقین فٹ بال کو بہت اچھا فائنل میچ دیکھنے کو ملے گا۔ انتظامیہ کے مطابق فائنل میچ کے حوالے سے تمام تر تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں۔ واضح رہے کہ انگلینڈ اور بیلجیئم کی ٹیموں کے درمیان میگا ایونٹ میں تیسری پوزیشن کے لئے میچ (آج) ہفتہ کو کھیلا جائیگا۔