سپورٹس کوچز و کنسلٹنٹ کی برطرفی کے خلاف حکم امتناع جاری
ملتان (سپیشل رپورٹر) ہائیکورٹ ملتان بنچ نے 36 سپورٹس کوچز و کنسلٹنس کی برطرفی کے حکم پر عملدرآمد روکتے ہوئے سیکرٹری پنجاب سپورٹس بورڈ‘ سیکرٹری ٹور ازم اینڈ یوتھ افیئر‘ سیکرٹری ڈویلپمنٹ اینڈ پلاننگ اور ڈائریکٹر جنرل پنجاب سپورٹس بورڈ سے 10 اکتوبر کو ریکارڈ اور جواب طلب کر لیا ہے۔ فاضل عدالت میں انچارج مانیٹرنگ سیل سپوٹس بورڈ دانیال نصرت سمیت 36 ملازمین نے درخواست دائر کی تھی کہ پنجاب سپورٹس بورڈ کی جابن سے 400 کے قریب سپورٹس کوچز و کنسلٹنٹ کو جون کے پہلے ہفتے میں کنٹریکٹ ختم ہونے سے دو ماہ پہلے ہی بغیر کسی نوٹس کے برطرفی کا حکم جاری کر دیا جس پر 29 جون کو 39 کے قریب کنسلٹنٹ وکوچز نے فاضل عدالت سے رجوع کیا تو حکم امتناعی جاری کر کے جواب طلب کیا گیا جبکہ درخواست گزاروں کو بھی غیرقانونی طور پر برطرف کیا گیا ہے اس لئے انہیں بھی برطرف کرنے کا فیصلہ منسوخ کرنے کا حکم دیا جائے۔