لگتا ہے انتخابات سبوتاژ کرنے کی سازش ہو رہی ہے‘ نوازشریف مشکل میں ہوں تو دہشت گردی شروع ہو جاتی ہے : عمران خان
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے عمران خان سے ملاقات کی۔ عمران خان نے ہمایوں اختر کو تحریک انصاف میں شمولیت کی دعوت دی۔ ہمایوں اختر خان نے تحریک انصاف میںشمولیت اختیار کرلی۔ علاوہ ازیں ایک ٹویٹ میں عمران خان نے کہاکہ ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ 25جولائی کے انتخابات کو سبوتاژ کرنے کے لئے کسی سازش کا ڈول ڈالا جا رہا ہے۔ عوام ایسی کسی بھی سازش کو 25جولائی کو ہونے والے تاریخی انتخابات کی راہ میں حائل ہونے کی اجازت نہیں دیں گے۔ عمران خان نے کہا ہے کہ یہ کیسا اتفاق ہے کہ جب نوازشریف مشکل میں آتے ہیں تو سرحدی کشیدگی بڑھتی ہے اور دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ ہم یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ نوازشریف مشکل کا شکار ہوتے ہیں تو پاکستان کی سرحد پر کشیدگی میں اضافہ کیوں ہوتا ہے اور ملک کے اندر دہشت گردی کے واقعات شروع کیوں ہو جاتے ہیں؟ کیا یہ محض ایک اتفاق ہے ایک انٹرویو میں عمران خان نے کہا ہے کہ 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں فتح کا مکمل یقین ہے،وزیراعظم بننے پر انسداد کرپشن مہم کے اپنے وعدوں کا جزوی نمونہ پیش کروں گا، چین کی طرح غربت میں کمی کے پروگرام پر عمل کیا جائے گا، کرپٹ سیاستدانوں کے خلاف ہر مرتبہ احتساب کا عمل روکا گیا تاہم اب عوام سیاسی جماعتوں کے کرپٹ سربراہوں کے احتساب کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ پاکستان کو غربت کے خاتمے کے لیے چین کی مثال اپنانی چاہیے اور اس سلسلے میں ہم نے چینی حکام سے ملاقاتیں کی ہیں۔عمران خان نے انتخابی مہم میں سازگار ماحول فراہم کیے جانے کے الزام کی تردید کی اور کہا کہ وہ انتخابات میں کامیابی کے لیے پرامید ہیں اور ابھی میچ ختم نہیں ہوا جب تک آخری بال نہ ہو۔ امریکی فوج جتنا عرصہ افغانستان میں رہے گی سیاسی مصالحت کے مواقع اتنے ہی کم ہوں گے۔اسلام آباد میں خطاب کرتے عمران خان نے کہا ہے پانی کی کمی کا مسئلہ حل کرنا منشور کا حصہ ہے۔ بیروزگاری ملک کا بڑا مسئلہ ہے ٹیکنیکل کالج بنائیں گے۔ سرکاری ہسپتالوں کو بہتر کریں گے۔ دس سال میں ڈالر 60 روپے سے 125 روپے پر پہنچ گیا۔ پی پی اور ن لیگ باریاں لیتے رہے ہیں۔ پی پی اور ن لیگ نے ملک کو قرضوں کی دلدل میں دھکیل دیا چیف جسٹس سے کہا آنے والی نسلوں کی بہتری کےلئے قانون بنائیں۔ تین سو ارب روپے ہڑپ کرنے والے کرپشن کا خاتمہ کیسے کر سکتے ہیں؟ اللہ نے قوم کی تقدیر بدلنے کا موقع دیا ہے نظرئیے کو کامیاب کریں۔عمران خان نے کہا ہے کہ مجرم اعظم آ گئے، میاں صاحب 300 ارب روپے واپس کر دیں۔ تبدیلی آ گئی ہے، جو تبدیلی رہ گئی وہ 25جولائی کو آ جائے گی۔
عمران خان