مون سون میں جانوروں کو نقصانات سے بچانے کیلئے انتظامات مکمل کرلئے گئے
راولپنڈی (نیوزرپورٹر)ڈائریکٹر لائیو سٹاک و ڈیری ڈیویلپمنٹ راولپنڈی ڈاکٹر شاہد سجاد اصغر نے کہا ہے کہ مون سون کے دوران جانوروں کو نقصانات سے بچانے کے لئے ہر ممکن انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں، جانوروں کو بیماریوں سے بچاؤکے ٹیکے لگائے گئے ہیں، سیلاب یا نالوں میں طغیانی کی صورت میں مویشوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے ، چارے کا بندوبست کرنے، علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی اور مویشی پال حضرات کو موسمی صورت حال سے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں فوری امداد کے لئے تمام عملے کو چوکس کر دیا گیاہے۔ راولپنڈی میں ایک اجلاس کے دوران ڈاکٹر شاہد سجاد اصغر نے کہا کہ محکمہ لائیوسٹاک کا فیلڈ سٹاف جانوروںمیں گل گھوٹے کے مرض کے خاتمے کے لئے کوشاں ہے اور ڈویژن کے چاروں اضلاع ، راولپنڈی ، اٹک ، جہلم اور چکوال میں 10 لاکھ رجسٹرڈ مویشی پال حضرات کے تعاون سے جانوروں کو حفاظتی ٹیکے لگانے کے ساتھ ساتھ ان کی دیکھ بھال اور بلخصوص مون سون سیزن کے دوران جانوروں کو موسمی اثرات سے محفوظ رکھنے کے طریقوں سے آگاہی کے لئے بھی رابطہ مہم جاری ہے۔ ڈاکٹر شاہد سجاد اصغر نے کہاکہ مو سم برسات میں اگر جانور وں کا خیال نہ رکھا جائے تو کئی بیماریاں ان کے لئے جان لیوا بھی ثابت ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے مویشی پال حضرات کو تاکید کی کہ مویشیوں کے باڑوں کی صفائی کے ساتھ ساتھ تعمیر و مرمت کا بھی خاص خیال رکھیں اور باڑوں کی چھتیں مرمت کریں تاکہ شدید بارشوں سے باڑوں کی چھتیں منہدم نہ ہوں اور مویشیوں کا جانی نقصان نہ ہو۔