لاپتہ دہ بہنوں کے اغوا کا مقدمہ، اسلام آباد ہائیکورٹ نے سیکرٹری داخلہ کو طلب کر لیا
اسلام آباد ( وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے تھانہ کھنہ کی حدود سے 2016 میں لاپتہ ہونے والی دو بہنوں کے مقدمہ میں گرفتار ملزم کی درخواست ضمانت کی سماعت کے موقع پر بچیوں کی عدم بازیابی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے 16جولائی کو سیکرٹری داخلہ کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے۔ گزشتہ سماعت پر عدالت نے بچیوں کی بازیابی کے لئے آئی جی اسلام آباد کو 15دن کی مہلت دی تھی۔ جمعہ کو فاضل جسٹس نے ملزم ایاز کی جانب سے دائر درخواست ضمانت کی سماعت کی تو ایس ایس پی آپریشنز عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ بچیوں کی بازیابی کے لئے کوشش جاری رکھے ہوئے ہیں جس پر فاضل عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری داخلہ کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ۔ کیس کی مزید سماعت 16جولائی کو ہو گی۔ واضح رہے کہ مدعی محمد اشرف نے 2016ء میں اپنی دو بچیوں سمیعہ اور ادیبہ کی تھانہ کھنہ میں گمشدگی کی رپورٹ درج کراتے ہوئے ملزم ایاز کو نامزد کیا تھا۔ ماتحت عدالت سے درخواست ضمانت خارج ہونے پر ملزم نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔