شنگھائی تعاون تنظیم کی بین الاقوامی سرگرمیوں کے حوالہ سے ماسکو میں اجلاس
اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) شنگھائی تعاون تنظیم کی بین الاقوامی سرگرمیوں کے حوالے سے مشاورتی اجلاس ماسکو میں منعقد ہوا جس میں تنظیم کے نائب وزراء خارجہ شریک ہوئے۔ اجلاس کی صدارت روسی فیڈریشن کے نائب وزیرخارجہ ایگور مورگولوف نے کی ۔ رکن ممالک کے نمائندوں کے علاوہ تنظیم کے سیکرٹری جنرل بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ پاکستانی وفد کی قیادت نیشنل کو آرڈینیٹر برائے شنگھائی تعاون تنظیم ظہور احمد نے کی جبکہ پاکستان کے سفیر خلیل اللہ قاضی بھی اس میں شامل تھے۔ اجلاس میں اقوام متحدہ اور ریجنل تنظیموں سے ایس سی اوکے تعاون کا جائزہ لیا گیا۔ روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی امور پر رکن ممالک کے مابین تعاون پر زور دیا گیا۔ پاکستان نے اقوام متحدہ کے اداروں اور علاقائی تنظیموں سے ایس سی او کے تعاون کا خیرمقدم کیا اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی مرکزیت پر زور دیا۔ پاکستان نے کہا کہ امن، سلامتی اور ترقی کے مشترکہ مقاصد کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا، یہی شنگھائی سپرٹ ہے جو باہمی اعتماد، فائدے، مساوات، ثقافتی تنوع کے احترام اور مشترکہ ترقی پر زور دیتی ہے۔
ماسکو اجلاس