یورپی یونین نے مبصرین تعیناتی میں تاخیر پر بیورو کریسی کو ذمہ دار قرار دیدیا
اسلام آباد (اسپیشل رپورٹ) پاکستان میں یورپی یونین کی طرف سے انتخابات کا مشاہدہ کرنے والے آبزرورز مشن نے ایک بیان میں اپنے طویل المدتی آبزرورز کی تعیناتی کی تاخیر میں پاکستان بیورو کریسی کی طرف کھڑی کی گئی رکاوٹوں کو ذمہ دار قرار دیا ہے۔ گزشتہ روز یورپی یونین آبزرورز مشن کی طرف سے جاری کئے گئے ایک اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ یورپی یونین مشن کو گزشتہ روز یعنی 13 جولائی کو اپنے طویل المدتی آبزرورز کی تعیناتی کی اجازت موصول ہوئی۔ یورپی یونین جون میں اپنے آبزرور پورے ملک میں متعین کرنے کے لئے تیار تھا لیکن آبزرور کی تعیناتی کی تاخیر سے اجازت ملنے پر اس عمل میں رکاوٹیں پیدا ہو گئی ہیں۔ پولنگ کی تاریخ تک انتخابات کا مشاہدہ کرنے کے لئے کم وقت ہونے کے باعث پورے ملک میں اپنے آبزرورز کی تعیناتی میں یورپی مشن کو مشکلات درپیش ہیں۔ یورپی یونین ان مشکلات کے باوجود پاکستان میں انتخابات کا مشاہدہ کرے گا اور اپنے مشاہدے پر مشتمل ابتدائی رپورٹ 27 جولائی کو پیش کر دیگا۔
یورپی یونین