مری: 8 موٹرسائیکلیں برساتی نالہ میں کرنے سے 6 افراد جاںبحق، 7 کو نکال لیا گیا
مری (نامہ نگار خصوصی) ایکسپریس وے پر ملاچھ کے قریب طوفانی بارش کے دوران سڑک پر نالے کی صورت اختیار کر جانے والے پانی نے آٹھ موٹرسائیکلوں پر سوار چھ افراد کی جانیں لے لیں جبکہ ریسکیو1122 نے سات افراد کو زندہ نکال لیا، جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ لواحقین کی جانب سے تعداد زیادہ بتائے جانے پر آخری اطلاعات تک بھی تلاش جاری ہے۔ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے حادثہ پر لواحقین سے گہرے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق راولپنڈی کے تیرہ نوجواں جو یہاں بابا لعل شاہ کے عرس میں شرکت کے بعد جمعہ کو الصبح قریباً سوا تین بجے ایک گروپ کی شکل میں ایکسپریس وے کے راستے راولپنڈی کی جانب جا رہے تھے کی اچانک ہی شروع ہو جانے والی طوفانی بارش کے دوران انہوں نے ملاچھ کے قریب ایک ریستوران سے ملحقہ سڑک پر طوفانی صورت اختیار کرنے والے بہتے پانی کے قریب موٹر سائیکلوں کو روک کر پانی کے کم ہونے کا انتظار کرنے لگے کہ اسی دوران اچانک ہی اس برساتی پانی نے انتہائی خوفناک صورت اختیار کر لی اور بہتے پانی نے تمام افراد کو اپنی لپیٹ میں لیتے ہوے نشیبی علاقہ کی جانب بہا کر لے گیا ۔اس دوران اچانک ہی بالائی علاقے سے بارش کے پانی کا ایک خوفناک ریلا آیا تو وہ اکثر وہاں کھڑے موٹر سائیکلوں پر سوار افراد کو اپنے ساتھ بہا کر لے گیا۔ریسکیو 1122کی ٹیم مقامی انچارچ انجینئر کامران رشید کی قیادت میں اطلاح ملتے ہی موقع پر پہنچ گئی جنہوں نے اندھیرے کے باوجود انتہائی جاں فشانی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صبح تک سات نوجوانوں کو زندہ نکال لیا۔ قریباً گیارہ گھنٹوں تک مسلسل جاری رہنے والے اعصاب شکن آپریشن میں جن افراد کی میتیں نکالی گئیں ان میں 22 سالہ محمد فیصل ولد حکم داد سٹلائٹ ٹاون، 28 سالہ خیابان سرسید کا ثاقب ولد اشتیاق، 18سالہ کمرشل مارکیٹ کا دانش،27سالہ پیر ودھائی کا اشفاق ولد محمد شفیع،17سالہ پیر ودھائی ہی کا اسامہ ولد زاہد اور 20سالہ راحیل شامل ہیں جبکہ شدیدزخمیوں میں26سالہ بنگش کالونی کا رہائشی خرم ولد عبدالرشید،22سالہ بنگش کالونی کا رہائشی اقرار ولد ارسلان،26سالہ صادق آباد کا رہائشی قدیر ولد اکثیر،27سالہ صادق آباد کا رہائشی شمروز ولد سہیل،24سالہ ریاض ولد گل بہار،عدیل ولد نور حسین اور حسنین شامل ہیں۔