سائیکل پر حج کیلئے جانیوالا 58 سالہ مراکشی شہری سوڈان پہنچ گیا
رباط (اے پی پی) مراکش سے تعلق رکھنے والے 58 سالہ محمد ربوحات فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے سائیکل پر اپنا سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔ وہ چھ ممالک کو سائیکل پر عبور کرکے فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے سرزمین حجاز پہنچیں گے۔عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق سائیکل پر حجاز کا سفر کرنے والے محمد ربوحات کا کہنا ہے کہ وہ اس انداز سفر سے افریقی اقوام اور عالم اسلام کے لیے محبت اورامن کا پیغام عام کرنا چاہتے ہیں۔ ربوحات تین ماہ اور آٹھ دن کا سفر طے کرنے اور موریطانیہ، مالی، برکینا فاسو، نائجر اور چاڈ سے گذرتے ہوئے چھٹے ملک سوڈان کے دارالحکومت خرطوم پہنچے۔اناطولیہ نیوز ایجنسی سے بات کرتے ہوئے ربوحات نے بتایا کہ انہوں نے مراکش کے شمال مشرقی شہر مکناس سے یکم اپریل کو اپنے سفر کا آغاز کیا تھا۔ وہ اپنے تین ماہ اور چند دن کے سفر میں چھ ممالک کو عبور کرکے سوڈان پہنچے ہیں جہاں سے وہ سعودی عرب کے سفر کے لیے جزیرہ سواکن کو عبور کریں گے۔