ایشین جونیئر ریسلنگ چیمپیئن شپ، چار پہلوانوں کو ویزے مل گئے
لاہور(سپورٹس رپورٹر) ایشین جونیئر ریسلنگ چیمپیئن شپ کے لیے پاکستان کے پانچ میں سے چار پہلوانوں کو بھارتی ہائی کمشن نے ویزے جاری کر دیئے۔ معروف پہلوان جھارا کے بھتیجے ہارون عابد کو چیمپیئن شپ کے لیے ویزا جاری نہیں کیا گیا۔ پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری ارشد ستار کا کہنا تھا کہ ہمارے پہلوانوں کی چیمپیئن شپ کے لیے اچھی تیاری ہے امید ہے توقعات پر پورا اتریں گے۔ چیمپیئن شپ میں شرکت کے لیے چار پہلوان جن میں 65 کلو گرام کلاس میں عنایت اﷲ، 70 کلو گرام میں غلام غوث، 79 کلو گرام میں محمد عثمان جبکہ حسیب مصطفٰی 86 کلو گرام میں ملک کی نمائندگی کرینگے۔ پاکستان ٹیم کے ساتھ دو آفیشلز بھی جائیں گے جن میں سہیل رشید کوچ جبکہ محمد ریاض منیجر کم ریفری شامل ہیں۔ ایشین جونیئر ریسلنگ چیمپیئن شپ 17 سے 22 جولائی تک بھارت میں منعقد ہوگی۔ بھارتی ہائی کمیشن سے پیر کے پاسپورٹ ملیں گے اور ٹیم کی منگل کو بھارت روانگی ہوگی۔