پی ایچ ایف ہال آف فیم ایوارڈ ز کمیٹی کے 3 ممبران کا اظہار لاتعلقی
کراچی(اسپورٹس رپورٹر)پی ایچ ایف کی جانب سے ہال آف فیم ایوارڈ ز کے لیے اعلان کی جانے والی 4 رکنی کمیٹی کے 3 ممبران نے اس سے اظہار لاتعلقی ظاہر کر دیا ہے۔پی ایچ ایف کے سیکریٹری جنرل ا اولمپئین شہباز احمد کی جانب سے جمعرات کو جاری کیے جانے والے بیان کے مطابق فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر (ر) محمد خالد کھوکھر کی جانب سے تشکیل دی جانے والی ہال آف فیم کمیٹی میں سابق قومی کپتان اورفیڈریشن کے موجودہ چیف سلیکٹر اولمپئن اصلاح الدین ،اولمپئن شہناز شیخ ،اولمپئن سمیع اللہ اور اولمپئن منظور الحسن کو شامل کیا گیا ہے۔اس کمیٹی کا پہلا ٹاسک پی ایچ ایف کے زیر اہتمام دوسرے ہال آف فیم پاکستان ایوارڈز کے لیے کھلاڑیوں کے ناموں کو فائنل کرنا ہے۔ کمیٹی میں شامل کیے جانے والے تین ارکان سابق قومی کپتان اولمپئین سمیع اللہ خان، اولمپئین شہناز شیخ اور اولمپئین منظور الحسن سینیئر نے اپنی شمولیت سے لاعلمی ظاہر کردی۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں علم ہی نہیں ہے کہ وہ مزکورہ کمیٹی میں شامل کیے گئے ہیں۔ اولمپئین منظور الحسن سینیئر نے کہا کہ کمیٹی میں شامل کرنے کے لیے مجھ سے کسی نے رابطہ نہیں کیا، اور نہ ہی اس ضمن میں پی ایچ ایف کی طرف سے کوئی مشاورت کی گئی، مجھے معلوم نہیں کہ بلا رضا مند ی میرا نام کمیٹی میں کیسے شامل کر لیا گیا، دوسری طرف پہلے ہال آف فیم ایورڈز پانے والوں میں شامل سابق قومی کپتان اولمپئین شہناز شیخ نے بھی کمیٹی میں اپنی شمولیت پر قدرے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا مجھے اس بارے میں کوئی اطلاع نہیں۔ سابق قومی کپتان اولمپئین سمیع اللہ خان نے بھی اس اعلان پر حیرانگی کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلسل ناقص کارکردگی کی وجہ سے بوکھلاہٹ کا شکار ہونے والی پی ایچ ایف از خود ایسے فیصلے کر رہی ہے۔ اس ضمن میں مجھ سے کوئی مشاورت یا رائے نہیں لی گئی اور میری رضامندی حاصل کیے بغیر خود بخود مجھے کمیٹی کا رکن بنا دیا گیا۔