خواتین اور اسپیشل افراد کی انتخا بی عمل میں شر کت یقینی بنا ئینگے ، یو سف خٹک
کراچی ( اسٹاف رپورٹر) خواتین، معذور اور ٹرانسجینڈر کے انتخابی عمل میں شرکت کے حوالے سے پُرعزم ہیں۔ الیکشن کمیشن اِس سلسلے میں متعدد اقدامات کررہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی الیکشن کمشنر سندھ محمد یوسف خان خٹک نے اپنے دفتر میں خواتین اور معذور افراد کے انتخابی عمل میں شرکت کو یقینی بنانے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو خواتین، معذور اور ٹرانسجینڈر کو انتخابی عمل میں شامل کرنے کیلئے متعدد اقدامات کررہا ہے۔ خواتین کو انتخابی عمل میں شامل کرنے کیلئے الیکشن ایکٹ میں کئی آرٹیکلز شامل کئے گئے ہیں۔ جس میں آرٹیکل 206جس کے تحت ہر سیاسی جماعت پر یہ لازم ہوگا کہ وہ انتخاب میں 5فیصد ٹکٹیں خواتین کو دیں۔ جبکہ معذور افراد کو پوسٹل بیلٹ جیسی سہولیات بھی دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی اِس جدوجہد میں آپ الیکشن کمیشن کا بھرپور ساتھ دیں اور خواتین، معذور اور ٹرانسجینڈر کی انتخابی عمل میں شرکت کو یقینی بنائیں۔ اجلاس میں نگہت صدیقی، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل جینڈر ونگ، الیکشن کمیشن آف پاکستان، عبدالحمید مغل، ترجمان الیکشن کمیشن سندھ اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ نگہت صدیقی، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل جینڈر ونگ نے اجلاس کو خواتین، معذور اور ٹرانسجینڈرکے انتخابی عمل میں شرکت کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے الیکشن ایکٹ کے آرٹیکل 105,93,91کا حوالہ دیتے ہوئے خواتین اور معذور افراد کو انتخابی عمل میں شامل کرنے کیلئے الیکشن کمیشن کے قانونی اقدامات سے آگاہی دی۔ انتظامی امور کے بارے میں الیکشن کمیشن کے اقدامات سے آگاہی دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے خواتین کو انتخابی عمل میں شامل کرنے کیلئے شناختی کارڈ بنانے کی مہم کا آغاز کرلیا ہے اور الیکشن کے دن خواتین، اور معذور افراد کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دینے کیلئے اقدامات کررہا ہے۔