’’قدم بڑھاؤ ‘‘

14 جولائی 2009
مکرمی! مسائل کے مارے عوام کیلئے آخرکار چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی شکل میں نجات دہندہ آگیا ہے۔ آج پوری قوم صرف اور صرف افتخار محمد چودھری سے انصاف کی بھیک مانگ رہی ہے۔ عوام کو وزیراعظم‘ صدر اور اسٹیبلشمنٹ سے انصاف کی کوئی توقع نہیں۔ ریاست کے یہ تمام کردار عوام کی نگاہ میں اپنی اہمیت کھو چکے ہیں۔ ان سب کرداروں کا قبلہ امریکہ کی طرف ہے۔ اپنے بچاؤ کیلئے یہ امریکی غلامی کے شکنجے میں پھنس چکے ہیں۔ دوسری طرف افتخار محمد چودھری ہیں۔ جنہوں نے اپنی پوری توجہ عوام کی طرف کر رکھی ہے۔ چیف جسٹس افتخار محمد چودھری سے عوام کو بڑی امیدیں اور توقعات ہیں۔ عوام جانتے ہیں کہ حکومت صحیح سمت سے بھٹک چکی ہے۔ ملک میں اس نام نہاد جمہوری حکومت کی آمد کے بعد نالائقیاں‘ رشوت ستانیاں بڑھ چکی ہیں۔ عوام کو اس نازک گھڑی میں ایک مسیحا کی ضرورت تھی جو افتخار محمد چودھری کی صورت میں نمودار ہو چکا ہے۔ سپریم کورٹ کو ملک کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر اپنا کردار اور اہمیت بڑھانی ہو گی کیونکہ اس وقت 16 کروڑ عوام کا مرکز نگاہ افتخار محمد چودھری ہیں۔ (تحریر: اجمل شبیر 0331-4977625)