کابل : بارودی سرنگ دھماکوں سے ضلعی پولیس سربراہ‘ 2 امریکی فوجیوں سمیت 7 ہلاک

14 جولائی 2009
کابل (اے ایف پی) افغانستان میں بارودی سرنگ دھماکوں سے ضلعی پولیس سربراہ اور 2 امریکی فوجیوں سمیت 7 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ اتحادی فوج نے بمباری سے 12 طالبان شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ جنوبی افغانستان میں امریکی فوجیوں کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی۔ ادھر کابل سے 60 کلومیٹر جنوب مغرب میں وردک صوبے میں پیر کی صبح ضلعی پولیس چیف دور افتادہ دیہات میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے جا رہے تھے کہ سڑک کے کنارے نصب بم اچانک زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔ جس کے نتیجے میں ضلعی پولیس سربراہ رجب خاں 3 دیگر اہلکاروں سمیت ہلاک جبکہ 4 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ افغانستان کے جنوب میں اتحادی فضائیہ کی بمباری میں بارہ سے زائد طالبان شہید ہو گئے۔ ارزگان کے گورنر کے ترجمان نے بتایا کہ اتحادی فضائیہ نے گذشتہ روز طالبان کے مشتبہ ٹھکانوں پر بمباری کی جس کے نتیجہ میں بارہ طالبان شہید ہو گئے۔جبکہ افغان سکیورٹی فورسز نے صوبہ نورستان کے ایک اہم ضلع کا دوبارہ کنٹرول حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔