امریکی اثر و نفوذ جنوبی پنجاب تک بڑھانے کیلئے میاں چنوں میں دھماکے کرائے گئے: منور حسن

14 جولائی 2009
لاہور/ کراچی (پ ر/ آن لائن) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سید منور حسن نے کہا ہے کہ امریکی اثرونفود کے دائرہ کار کو جنوبی پنجاب تک بڑھانے کیلئے میاں چنوں میں بم دھماکے کرائے گئے‘ جنوبی پنجاب میں آپریشن ہوا تو یہ حب الوطنی کے منافی ہو گا‘ یہ ایٹمی پروگرام کو غیرمحفوظ کرنے کی امریکی کوشش ہے۔ گذشتہ روز ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہاکہ ملکی حالات دن بدن بد سے بدتر ہوتے جا رہے ہیں۔ پیپلزپارٹی کی حکومت نے بھی مشرف کی طرح عدلیہ سے محاذ آرائی کا سلسلہ شروع کر دیا۔ حکومت میں شامل پارٹیاں امریکی پالیسی کی حمایت کر رہی ہیں۔ منور حسن نے مزید کہاکہ میاں چنوں میں ہونیوالا بم دھماکہ دراصل فوجی آپریشن کو جنوبی پنجاب تک وسیع کرنے کی سازش ہے‘ مدرسے کا نام لیا جا رہا ہے حالانکہ وہاں مدرسے کا وجود ہی نہیں ہے۔ میڈیا کو وہاں جانے کا موقع ملنا چاہئے۔ امریکہ بھارت کے ذریعے پاکستان کا گھیرائو کرنا چاہتا ہے۔ بھارت کشمیر میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے‘ حکومت بھارتی مظالم سے دنیا کو آگاہ کرے۔ امیر جماعت اسلامی نے مزید کہاکہ فوجی طاقت کا استعمال کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے‘ یہ کیوں نہیں بتایا جاتا کہ جنگ کس کے خلاف لڑی جا رہی ہے؟ دراصل مالاکنڈ ڈویژن میں پراکسی وار لڑکی جا رہی ہے۔