وزیراعظم ’’نام‘‘ سربراہی کانفرنس میں شرکت کیلئے آج مصر جائینگے‘ پرسوں منموہن سے ملاقات ہو گی
اسلام آباد + نئی دہلی (خصوصی نامہ نگار + آن لائن) وزیراعظم 15ویں ’’نام‘‘ سربراہ کانفرنس میں شرکت کیلئے آج مصر کے سیاحتی مقام شرم الشیخ روانہ ہونگے۔ اس موقع پر وزیراعظم اپنے بھارتی ہم منصب سے 16جولائی کو ملاقات کرینگے۔ گذشتہ روز وزارت خارجہ میں وزیراعظم کیساتھ جانیوالے وفد کے ارکان کو بریفنگ میں کہا گیا کہ وزرائے اعظم کی ملاقات میں پاکستان‘ بھارت جامع مذاکرات کی بحالی‘ ممبئی حملوں کی تحقیقات میں ہونیوالی پیشرفت سمیت دیگر امور زیر غور آئینگے۔ ادھر وزیر خارجہ شاہ محمود نے گذشتہ روز ملاقات کی اور اس دوران پاکستان‘ بھارت وزرائے اعظم ملاقات کے ایجنڈے کو حتمی شکل دینے سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دریں اثناء خصوصی نامہ نگار کے مطابق پاکستان اور بھارت کے خارجہ سیکرٹریوں کی ملاقات کل شرم الشیخ میں ہو گی۔ سیکرٹری خارجہ سلمان بشیر نے گذشتہ روز ایک بریفنگ میں اس حوالے سے بتایا کہ ہم بھارت کیساتھ جامع مذاکرات کی بحالی چاہتے ہیں۔ دوسری جانب آن لائن کے مطابق بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ نے مصر کے دورے پر روانگی سے قبل اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارت ’’نام‘‘ کو مضبوط بنانے میں مدد فراہم کرے گا۔ روس کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں‘ منموہن آج فرانس کی قومی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے بعد مصر چلے جائیں گے۔