پاک فوج کی سالانہ وار گیم ’’عزم نو‘‘ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد میں شروع

14 جولائی 2009
اسلا م آباد (آن لائن) ملک کو درپیش داخلی اور خارجی سلامتی سے متعلق چیلنجز کو مد نظر رکھتے ہوئے پاک فوج کی سالانہ وار گیم نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد میں شروع ہو گئی ہے جس میں تینوں مسلح افواج کی قیادت اور اعلٰٰی فوجی افسران شریک ہیں ۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق پاک فوج کی وار گیم کے ساتھ ساتھ پاک فضائیہ بھی اس طرح کی وار گیم الگ منعقد کرا رہی ہے اور وہ پاک فوج کی وار گیم کا بھی حصہ ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ان وار گیم کو عزم نو کا نام دیا گیا ہے جس کا مقصد خطرات کی نوعیت کا تجزیہ کرنا اور موجودہ آپریشنل ماحول میں اس کا مؤثر جواب دینے کے لئے حکمت عملی مرتب کرنا ہے۔ وار گیم کے افتتاحی سیشن میں چیئر مین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل طارق مجید، پاک فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی ، نیول چیف اور پاک فضائیہ کے سربراہان نے شرکت کی۔ عسکری ذرائع نے آن لائن کو بتایا کہ یہ وار گیم پورا ماہ جاری رہیں گی اور اس میں دشمن کے مقابلے میں پاک فوج کی پیشہ ورانہ دفاعی، فوجی اور جنگی صلاحیتوں کا تجزیہ کیا جائے گا۔ اس کے لئے وار گیم میں ایک فوکس لینڈ اور ایک بلو لینڈ کے نام سے گروپ لئے گئے ہیں بلو لینڈ پاک فوج اور فوکس لینڈ دشمن کے لئے استعمال ہو گا۔