ملتان (سپورٹس ڈیسک) سعید اجمل‘ عمر گل کی عمدہ باؤلنگ اور فواد عالم کی سنچری کی بدولت پاکستانی ٹیم کولمبو ٹیسٹ میں واپس آگئی۔ کولمبو گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن سری لنکا کی ٹیم سعید اجمل اور عمر گل کی باؤلنگ کا سامنا نہ کر سکی اور سات وکٹیں 76 رنز پر ڈھیر ہو گئیں سری لنکا نے پہلے دن کے اختتام پر 164 رنز تین کھلاڑی پر کھیل شروع کیا 177 کے مجموعی سکور پر چوتھی وکٹ گری جب سماویرا 21 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوئے کپتان سنگاکارا جو پہلے دن پراعتماد طریقے سے کھیل رہے تھے دوسرے دن زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 87 رنز پر عمر گل کی گیند پر بولڈ ہو گئے دلشان اور میتھیوز نے تھوڑی دیر تک مزاحمت کی لیکن سعید اجمل نے دونوں کھلاڑیوں کو 20 اور 21 کے انفرادی سکور پر پویلین بدر کر دیا کالو سکیرا11 رنز اور ہراتھ صفر پر عمر گل کا نشانہ بنے کھانے کے وقفے تک سری لنکا نے آٹھ وکٹوں پر 226 رنز بنائے تھے کھانے کے وقفے کے خاتمے کے بعد تھوتشارا ایک ‘ میتھوز 21 رنز پر آؤٹ ہوئے جبکہ اجنتھا مینڈس صفر رنز کے ساتھ وکٹ پر کھڑے رہے اس طرح سری لنکا کی پوری ٹیم 80 اووروں میں 240 رنز پر آؤٹ ہو گئی عمر گل نے 18 اوور میں 43 رنز دیکر اور سعید اجمل نے 31 اوورز میں 87 رنز دیکر چار چار وکٹیں حاصل کیں عبدالرؤف نے ایک وکٹ حاصل کی جبکہ محمد عامر اور یونس خان کے حصے میں کوئی وکٹ نہ آئی پاکستان نے 150 رنز خسارے میں جانے کے بعد دوسری اننگز شروع کی خرم منظور اور فواد عالم نے پراعتماد طریقے سے اننگز کا آغاز کیا اور بالرز کو جم کر کھیلا۔ چائے کے وقفے پر پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے 61 رنز بنائے تھے چائے کے وقفے کے بعد فواد عالم نے اپنی نصف سنچری مکمل کی انہوں نے 92 گیندوں پر دو چوکے لگا کر پچاس رنز مکمل کئے دونوں اوپنرز نے 85 رنز جوڑے خرم منظور آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی تھے انہوں نے 109 گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے 38 رنز بنائے وہ ہراتھ کی گیند پر وکٹ کیپر دلشان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے اس کے بعد کپتان یونس خان گراؤنڈ پر آئے انہوں نے نوجوان فواد عالم کا بھرپور ساتھ دیا کھیل ختم ہونے سے کچھ دیر پہلے فواد عالم نے 100 رنز مکمل کر لئے۔ فواد عالم نے اپنی ٹیسٹ سنچری 151 گیند کھیل کر ایک چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے بنائی کھیل جب ختم ہوا تو فواد عالم 102 اور یونس خان 35 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے پاکستان نے دوسرے دن کے خاتمے پر 53 اوور میں ایک وکٹ پر 178 رنز بنا کر 28 رنز کی برتری حاصل کر لی۔
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38