پی سی بی کی 7 رکنی نئی سلیکشن کمیٹی کا اعلان‘ اقبال قاسم چیئرمین ہوں گے

14 جولائی 2009
لاہور ( سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ نے سابق آف سپنر اقبال قاسم کو سات رکنی نئی قومی سلیکشن کمیٹی کا چیئرمین مقرر کر دیا ہے۔ جبکہ دیگر چھ اراکین میں سلیم جعفر، اعجاز احمد، محمد الیاس، اظہر خان، آصف بلوچ اور فرخ زمان شامل ہیں۔ سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین عبدالقادر کے استعفی کے بعد وسیم باری کو عبوری طور پر سلیکشن کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا تھا۔ لیکن سوموار کے روز پی سی بی کے چیئرمین اعجاز بٹ نے اقبال قاسم سے قذافی سٹیڈیم میں ملاقات کے بعد انہیں چیئرمین سلیکشن کمیٹی بنا دیا۔ نئی سلیکشن کمیٹی یکم اگست سے اپنا کام شروع کرے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سلیکشن کمیٹی کے دو اراکین آصف بلوچ اور فرخ زمان سلیکشن کمیٹی کے معاون ہوں گے۔