
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لئے آئی ٹی کی صنعت کی ترقی اور نوجوانوں کو تربیت یافتہ بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ٹی کے شعبہ میں ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں ایوان صدر میں ہواوے مقابلوں کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وفاقی سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر سہیل راجپوت، ہواوے کے نائب صدر مڈل ایسٹ ریجن وانگ شان لی اور آئی ٹی کے شعبہ سے وابستہ ماہرین نے شرکت کی۔ صدر مملکت نے کہاکہ ہم نے ملک میں ٹیکنالوجی کا فرق دور کرنا ہے، پاکستان کو انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سائبر سکیورٹی ماہرین کو تیار کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ انٹرنیٹ اور ایمیزون کے ذریعے گھر سے ہی کاروبار کیا جاسکتا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ ملک میں آئی ٹی کے شعبہ میں ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں، پاکستان ایک خاموش انقلاب سے گذر رہا ہے، خواہش ہے کہ نوجوانوں کے لئے مواقع پیدا کئے جائیں۔