وزیراعظم عمران خان نے وفاقی دارالحکومت میں ملٹی اسٹوری کنسٹرکشن اور گرین ایریا کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ تعمیراتی منصوبوں میں گرین ایریاز کے تحفظ کا خاص خیال رکھا جائے۔انہوں نے یہ ہدایت اپنے زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاوسنگ، تعمیرات و ڈیویلپمنٹ کے ہفتہ وار اجلاس میں دی ، چیئرمین ایف بی آر نے اجلاس کو ٹیکس مراعات کے پیکیج ، ایف بی آر پورٹل اور بلڈرز اینڈ ڈویلپرز کی جانب سے تعمیرات کے منصوبوں میں رجسٹریشن میں اضافے کا تقابلی جائزہ پیش کرتے ہوئے آگاہ کیا کہ ملک بھر میں خصوصا پنجاب میں، تعمیراتی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔چیئرمین نیا پاکستان ہاوسنگ اتھارٹی لیفٹننٹ جنرل(ر)انور علی حیدر نے لینڈ ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کے ضمن میں صوبوں کی سرویئر جنرل آف پاکستان کو ڈیٹا کی فراہمی کے حوالے سے کارکردگی پر آگاہ کیا ۔صوبائی چیف سیکرٹر یز نے لینڈ ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے اپنے متعلقہ صوبوں کا ڈیٹا فراہم کرنے کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی ۔وزیراعظم عمران خان نے لینڈ ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کے ضمن میں ڈیٹا کی فراہمی کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ لینڈ ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن سے تعمیرات کے شعبے میں بہتر منصوبہ بندی اور قبضہ مافیا کی سرکوبی میں نمایاں بہتری سامنے آئے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ لینڈ ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن عوام کی رہائشی ضروریات کے ادراک اور ان کو چھت کی فراہمی کے حوالے سے موثر منصوبہ بندی میں کلیدی حیثیت کی حامل ہے ۔چیف سیکرٹری پنجاب نے صوبے میں گرین ایریاز کے تحفظ کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات اور مستقبل کے ایکشن پلان پر عملدرآمد پر تفصیلی بریفنگ دی اور کہا کہ ماضی میں تعمیراتی منصوبوں ، خصوصا ہاوسنگ اسکیموں کے بے ترتیب پھیلاو کی وجہ سے گرین ایریاز میں کمی اور ماحولیاتی آلودگی میں بتدریجاضافے کا سامنا کرنا پڑا ۔ 2019 سے صوبائی حکومت نے تمام متعلقہ اداروں کی موثر کوارڈینیشن اور سول سوسائٹی کی شمولیت کی بدولت گرین ایریاز میں اضافے کاجامع ایکشن پلان مرتب کر کے اس پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا ہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے اربن فاریسٹ لبرٹی مارکیٹ لاہور کی طرز پر صوبے کے مختلف شہروں میں اس سال اربن فاریسٹ منصوبوں کے قیام اور گرین کور میں اضافے کے ایکشن پلان پر عملدرآمدپر شرکا کو آگاہ کیا ۔ اس کے علاوہ صوبے میں تعمیراتی منصوبوں میں گرین ایریاز کے تحفظ کے حوالے سے قوائد و ضوابط وضع کرنے کے حوالے سے بھی شرکا کو آگاہ کیا گیا۔مشیر وزیراعظم برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے گرین بلڈنگ کوڈ کو ہاوسنگ اسکیموں کے ساتھ پائلٹ کرنے اور بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ پر قابو پانے کے حوالے سے مشاورت پر اجلاس کو آگاہ کیا ۔وزیراعظم عمران خان نے ماحولیاتی تحفظ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کے اثرات بڑے شہروں میں خطرناک حد تک پہنچنے سے پہلے ہمیں بروقت اقدامات اٹھانے ہوں گے ۔ انہوں نے کہاکہ ماحولیاتی آلودگی ایک خاموش قاتل ہے جس سے عوام الناس کی صحت پر برے اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔ موجودہ حکومت نے ماحولیاتی آلودگی کے برے اثرات کے پیش نظر ماحولیاتی تحفظ کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے ہیں۔ وزیراعظم نے تمام صوبوں میں شجر کاری مہم کے حوالے سے اقدامات ، گرین ایریاز کے تحفظ کے لئے مربوط حکمت عملی اور مانیٹرنگ کا مکینزم وضع کرنے کی ہدایت کی ۔چیئرمین سی ڈی اے نے وفاقی دارلحکومت میں انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کے جاری منصوبوں پر پیشرفت اور مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے اجلاس کو بریفنگ دی۔وزیراعظم عمران خان نے وفاقی دارالحکومت میں ملٹی اسٹوری کنسٹرکشن اور گرین ایریا کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ تعمیراتی منصوبوں میں گرین ایریاز کے تحفظ کا خاص خیال رکھا جائے۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024