وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ساتھ ہونے والی میٹنگ بہت ہی حوصلہ افزا رہی ہے : لیفیننٹ جنرل (ر) سید عارف حسن
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفیننٹ جنرل (ر) سید عارف حسن کا کہنا ہے کہ ساوتھ ایشین گیمز کے شاندار انعقاد سے دنیا بھر میں پاکستان کے سوفٹ امیج کو متعارف کرانے کے ساتھ ساوتھ ایشیا ممالک سمیت ایشیائی ممالک کے ساتھ مزید اچھے تعلقات بنانے میں بھی مدد ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ساتھ ہونے والی میٹنگ بہت ہی حوصلہ افزا رہی ہے جس میں وہ بھی گیمز کا شاندار انعقاد اور اچھے نتائج چاہتے ہیں۔ سید عارف حسن کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا گیمز کے حوالے سے بھرپور تعاون کا یقین دلیا ہے، جو کھیلوں کے حوالے سے خوش آئند ہے۔ وزیر اعظم نے گیمز کرانے اور پاکستان کا سوفٹ امیج سامنے لانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ گیمز میں پاکستان کی کارکردگی اچھی ہونی چاہیے۔ ماضی میں بھی پاکستان آرمی نے گیمز کرانے میں مدد کی تھی، اب بھی ان کا ساتھ ہو گا۔ صدر پی او اے سید عارف حسن کا کہنا تھا کہ لاہور، سیالکوٹ ، گوجرانوالا، فیصل آباد اور اسلام آباد میں گیمز کرانے کی تجویز کو سراہا گیا ہے۔آئندہ ہفتے کے وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا کے ساتھ اجلاس میں مزید بات ہو گی۔ سید عارف حسن کا کہنا تھا کہ گیمز کا انعقاد مارچ 2023ءمیں کرانے کا ابتدائی شیڈول ترتیب دیا ہے۔ جس پر جتنے بھی اخراجات آئیں گے وہ براڈ کاسٹنگ اور سپانسر شپ سے بڑی رقم اکٹھی کی جائے گی۔ پاکستان گیمز میں بھرپور تیاری کے ساتھ شریک ہوگا، کھلاڑیوں کی تیاری کے لیے شیڈول بھی ترتیب دیدیا گیا ہے۔