احتساب عدالت نے پی ایس او میں غیرقانونی بھرتیوں سے متعلق کیس میں گواہ کو بیان جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 4 فروری تک ملتوی کردی

احتساب عدالت نے پی ایس او میں غیرقانونی بھرتیوں سے متعلق کیس میں گواہ کو بیان جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 4 فروری تک ملتوی کردی۔ جمعرات کو احتساب عدالت میں پی ایس او میں غیرقانونی بھرتیوں سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے موقع پر سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی ،سابق ایم ڈی پیٹرولیم عمران الحق، سابق ڈپٹی ایم ڈی یعقوب ستار اور دیگر بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران گواہ کی جانب سے بیان قلمبند کروایا گیا۔ آئندہ سماعت پر گواہ اپنا بیان جاری رکھے گا۔ عدالت نے سماعت 4 فروری تک ملتوی کردی۔ نیب کے مطابق ملزمان نے پاکستان اسٹیٹ آئل میں ایم ڈی اور دیگر کی غیر قانونی بھرتیاں کی، ملزمان کی غیر قانونی بھرتیوں سے قومی خزانے کو 138 ملین کا نقصان پہنچا۔