ساندہ: پاب نے 2معذور بیٹیوں کو ذبح کرکے خودکشی کرلی: اہلیہ شامل تفتیش

لاہور (نمائندہ خصوصی) ساندہ کے علاقے میں دوہرے قتل کی لرزہ خیز واردات، سنگدل باپ نے دو معذور بیٹیوں کو ذبح کرنے کے بعد خودکشی کر لی۔ پولیس نے نعشیں پورسٹمارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کر کے معاملے کی تحقیقات شروع کردیں۔ تفصیلات کے مطابق ساندہ کے علاقے راجگڑھ ٹوکے والا چوک میں باپ نے اپنی دو معذور بیٹیوں کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کر لی۔ پولیس کے مطابق قتل ہونے والوں میں 34 سالہ سعدیہ اور 30 سالہ اقصیٰ شامل ہیں۔ ملزم ضیاء بٹ نے معذور بیٹیوں کو چھریوں کے پے در پے وار کر کے قتل کیا۔ جس کے بعد ملزم نے خود کو بھی چھریوں کے وار سے زخمی کیا۔ ضیاء بٹ کو طبی امداد کے لئے میو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکا۔ پولیس کے مطابق ملزم ضیاء بٹ کی اہلیہ بھی گھر پر موجود تھی جسے شامل تفتیش کر لیا گیا ہے۔ فرانزک ٹیموں نے موقع سے شواہد اکٹھے کر لئے اور معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔