شمالی وزیرستان: شدت پسندوں کی فائرنگ سے 2جوان شہید، 3زخمی
بنوں (نامہ نگار) شمالی وزیرستان کی میر علی سب ڈویژن تحصیل سپین وام میں سکیورٹی فورسز اور مبینہ شدت پسندوں کے درمیان فائرنگ ہوئی ہے جس میں دو جوان شہید جبکہ تین زخمی ہو گئے ہیں۔ سکیورٹی فورسز کو اطلاع ملی تھی کہ چھوٹا دتہ خیل میں میر خاتم گروپ سے تعلق رکھنے والے مبینہ شدت پسند موجود ہیں۔ اطلاع پر فورسز وہاں پر کارروائی کیلئے گئے۔ فورسز کو دیکھتے ہی شدت پسندوں نے اُن پر فائرنگ شروع کر دی اور دستی بم پھینکا جس کے نتیجے میں فورسز کو جانی نقصان اُٹھانا پڑا۔ شہید ہونے والوں میں سپاہی حذیف اللہ اور سپاہی ضیاء لاسلام جبکہ نائیک سید عالم، سپاہی اسد اور لانس نائیک مستا غیز زخمی ہو گئے ہیں۔ زخمیوں کو میر علی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔