سینٹ سٹینڈنگ کمیٹی داخلہ کا اہم اجلاس آج پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سینٹ سٹینڈنگ کمیٹی برائے داخلہ کا اہم اجلاس آج پارلیمنٹ ہاؤس میں صبح 11 بجے ہوگا۔ اجلاس میں ضروری ایجنڈا زیر غور آئیگا۔ اس ایجنڈا میں رحمان ملک کی جانب سے ملک بھر میں ’’زومبی‘‘ نامی منشیات کے تیزی سے پھیلاؤ اور اس کی فروخت سے متعلق از خود نوٹس بھی شامل ہے۔ کمیٹی کے نوٹس میں لایا گیا تھا کہ یہ منشیات خیبر پی کے میں کہیں پیدا کی جا رہی ہے۔ کمیٹی چیئرمین رحمان ملک نے سفارش کی ہے کہ اس نشے کو ہیروئن رکھنے کی کیٹیگری میں شامل کیا جائے اور اس کے مساوی ہی سزا دی جائے۔ اجلاس میں تیل کی مصنوعی قلت کا معاملہ بھی زیر غور آئیگا۔ اس حوالے سے ایف آئی اے کی جانب سے کمیٹی کو آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے کی جانیوالی خلاف ورزیوں پر بریفنگ دی جائے گی۔ کمیٹی ان کمپنیوں کے آڈٹ معاملات کا بھی جائزہ لے گی۔ کمیٹی اس بات کا بھی جائزہ لے گی کہ کس طرح سمگل شدہ آئل سسٹم اور پٹرول پمپوں پر پہنچا۔ بتایا گیا ہے کہ یہ کمپنیاں اوگرا قوانین کی خلاف ورزی کی مرتکب ہوئی ہیں۔