این اے 75 نوشین افتخار‘ پی پی 51 سے طلعت چیمہ مسلم لیگ (ن) کی امیدوار نامزد
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ (ن) نے پنجاب میں ضمنی انتخاب کیلئے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا۔ این اے 75 سے نوشین افتخار اور پی پی 51 سے مسز طلعت منظور چیمہ کو امیدوار نامزد کیا ہے۔ دونوں ناموں کی منظوری نواز شریف اور صدر مسلم لیگ (ن) میاں شہباز شریف سے لی گئی ہے۔ بدھ کو صدر مسلم لیگ (ن) پنجاب رانا ثناء اللہ نے اپنے بیان میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) پارلیمانی بورڈ کی سفارشات پر میاں نواز شریف اور شہباز شریف کی منظوری کے بعد پنجاب میں ضمنی انتخاب کیلئے این اے 75 سے نوشین افتخار اور پی پی 51سے مسز طلعت منظور چیمہ کو (ن) لیگ کی جانب سے امیدوار کا انتخاب کیا ہے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پارٹی کے جن امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے وہ واپس لے لیں اور پارٹی ٹکٹ کے امیدوار اب پارٹی کی نامزد امیدواروں کو مکمل سپورٹ کریں۔ مقامی ایم این اے، ایم پی ایز اور پارٹی عہدیداران امیدواروں کی کامیابی کیلئے بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں حلقوں میں الیکشن کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے جبکہ مریم نواز شریف سمیت دیگر پارٹی رہنما بھی انتخابی مہم میں شرکت کریں گے۔