عالمی برادری کشمیریوں پر مظالم بند کروانے میں کردار ادا کرے: حریت قائدین
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) بھارت کے غیرقانونی زیرتسلط جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے جنوری میں پیش آنے والے ہندواڑہ، سوپور اور گائوکدل قتل عام کے المناک واقعات کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیراہتمام شہداء کانفرنس منعقد کی گئی ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقررین نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنوری میں مقبوضہ کشمیر میں بیگناہ شہریوں کے قتل عام کے انتہائی دلدوز واقعات رونما ہوئے ہیں۔ شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ بھارت ان ظالمانہ ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کر سکا۔ عالمی برادری سے مطالبہ کیاکہ وہ مقبوضہ علاقے میں کشمیریوں پر ڈھائے جانیوالے مظالم بند کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ حریت قائدین نے کہاکہ بھارت نے مقبوضہ جموںوکشمیر میں اپنی فوج کو انسانی حقوق کی پامالیوں اور نہتے کشمیریوں کے قتل عام کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کی قربانیوں کی وجہ سے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر مرکزی حیثیت حاصل ہو گئی ہے۔ کانفرنس میں مصطفیٰ محمد حسین خطیب، سید فیض نقشبندی، محمد فاروق رحمانی، نذیر احمد شال، تنویر الاسلام، محمود احمد ساغر، سید یوسف نسیم و دیگر شامل ہیں۔