فیکٹری ایریا شادی سے انکار پر لڑکی ‘شاہدرہ میں مخالف قتل
لاہور(نمائندہ خصوصی) فیکٹری ایریا میںشادی سے انکار پر طیش میں آکر ناکام عاشق کی فائرنگ‘ 23سالہ خاتون قتل جبکہ اس کی بہن شدید زخمی ہو گئی۔ پولیس نے ملزم کو اسلحہ سمیت گرفتار کر کے لاش پوسٹمارٹم کے لیے منتقل کر دی۔ تفصیلات کے مطابق فیکٹری ایریا کے علاقے غازی روڈ پر عبداللہ نامی ملزم نے گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 23سالہ کائنات موقع پر جاں بحق جبکہ اس کی بہن ایمن شدید زخمی ہو گئی۔ پولیس نے بہار کالونی سے ملزم عبداللہ کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے شادی سے انکار پر فائرنگ کر کے کائنات کو قتل جبکہ اس کی بہن کو زخمی کیا ہے۔ مقتولہ کائنات کی ملزم کے ساتھ ٹیلی فونک دوستی تھی۔ ملزم اس سے شادی کرنا چاہتا تھا مگر مقتولہ نے انکار کر دیا۔ دوسری جانب پیشی پر جاتے ہوئے مخالف کو فائرنگ کر کے قتل اس کے ساتھی کو شدید زخمی کر دیا گیا۔ شاہدرہ کے علاقے فیروز والا کچہری شاہدرہ موڑ کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزموں نے پیشی پر آئے دو افراد پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں شوکت موقع پر جاں بحق جبکہ فاروق شدید زخمی ہو گیا۔ جسے فوری طبی امداد کیلئے ہسپتال بھجوا دیا گیا۔ ملزم فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ بعد ازاں پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد کٹھے کرکے لاش پوسٹمارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کر دی۔