خطہ پوٹھوہار میں آبپاشی وسائل بڑھانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں:وزیر زراعت
لاہور(نیوزرپورٹر) حکومت پنجاب خطہ پوٹھوہار میں آبپاشی کے وسائل بڑھانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ خطہ پوٹھوہار میں زرعی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ان خیالات کا اظہار وزیر زراعت پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی نے پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی اور محکمہ زراعت پنجاب کے راولپنڈی ڈویژن کے تمام شعبہ جات کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اجلاس میں ڈاکٹر قمر الزمان وائس چانسلر پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی، عبدالستار عیسانی ڈائریکٹر جنرل ایجنسی فار بارانی ایریا ڈویلپمنٹ راولپنڈی، ڈاکٹر انجم علی ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع)پنجاب،، سجاد حیدر ڈائریکٹر زراعت (توسیع) راولپنڈی ڈویڑن، محمد اکرم ڈائریکٹر سائل کنزرویشن،ڈاکٹر محمد اقبال چوہان ڈائریکٹر واٹر مینجمنٹ راولپنڈی ڈویڑن، عارف محمودانجینئر ایگریکلچر فیلڈ ونگ، کے علاوہ دیگر افسران نے شرکت کی۔ وزیر زراعت پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی نے کہا کہ خطہ پوٹھوار میں پھلوں اور سبزیوں کی کاشت کے بڑھنے سے ملکی زرعی ترقی کے واضح امکانات موجود ہیں۔ محکمہ زراعت پنجاب اور پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی باہمی تعاون سے کاشتکاروں کی فنی رہنمائی کریں۔خطہ پوٹھوار میں پھلوں اور چارہ جات کی کاشت کو بڑھانے کے لئے اقدامات کیے جائیں۔