جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز، قومی ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان کل ہوگا
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز ،قومی ٹیم کا علان 15 جنوری کو ہوگا۔ اس حوالے سے چیف سلیکٹر محمد وسیم کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کیلئے قومی ٹیسٹ ٹیم کا اعلان 15 جنوری کو کراچی میں کروں گا۔ ابتدائی طور پر 20 رکنی ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان کروں گا۔ ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی کی مشاورت کے بعد حتمی 16 رکنی ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان بعد میں کیا جائیگا۔ سب سے پہلے سلیکشن کمیٹی میں شامل تمام چھ ہیڈ کوچز سے مشاورت کی۔ ہیڈ کوچ مصباح الحق اور کپتان قومی کرکٹ ٹیم بابر اعظم سے بھی مشاورت کی جبکہ دورہ نیوزی لینڈ اور ڈومیسٹک کرکٹ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا مکمل جائزہ لیا ہے۔ قومی ٹیسٹ سکواڈ کے اعلان سے قبل کراچی میں سلیکشن کمیٹی سے دوبارہ مشاورت کروں گا۔ دوسری جانب جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیم کے اعلان کے بعد 19 جنوری کو کرکٹرز کے بائیوسیکیور ببل کا آغاز ہوگا۔ ذرائع کے مطابق ہر کھلاڑی کو ٹیم میں شامل ہونے سے پہلے کرونا ٹیسٹ دینا ہوگا۔ذرائع کاکہنا ہے کہ جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز کیلئے ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے حسن علی کی واپسی یقینی ہے۔ اوپنر عابد علی کو ٹیم میں برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ سعود شکیل اور ساجد خان کی ٹیم میں شمولیت کا امکان ہے جبکہ حارث سہیل کو ڈراپ کیے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق سے میچ کیلئے 11 کھلاڑیوں کو منتخب کرنے کا اختیار واپس لے لیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مصباح الحق سے اگلی تمام سیریز کیلئے 11 رکنی ٹیم منتخب کرنے کا اختیار واپس لے لیا گیا ہے۔ اب بابر اعظم بااختیار کپتان بن کر ٹیم منتخب کریں گے، ہیڈکوچ کا کردار صرف مشاورت کا ہو گا۔اس سے قبل مصباح الحق کپتان سے مشورہ کرکے 11 رکنی ٹیم کو حمی شکل دیتے تھے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز کیلئے 11 رکنی ٹیم منتخب کرنے کا حتمی اختیار کپتان بابر اعظم کو دیدیا گیا ہے۔ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم ہیڈ کوچ مصباح سمیت دیگر کوچز وقار یونس، یونس خان اور دیگر سے مشاورت کر سکیں گے۔