وسطی عراق میں مظاہرین اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپیں

عراق کے وسطی شہر الکوت میں سیکیورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات ملی ہیں۔ واسط گورنری کے علاقے الکوت میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان کئی مقامات پر آنکھ مچولی دیکھی گئی۔العربیہ چینل کی رپورٹ کے مطابق مظاہرین نے واسط گورنری میں پولیس ہیڈ کواٹر کا گھیرائو کرلیا جس کے بعد پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پرآنسوگیس کی شیلنگ کی۔قبل ازیں اسی علاقے میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان خون ریز تصادم ہوا تھا جس میں دسیوں مظاہرین زخمی ہوگئے تھے۔درایں اثنا عراق میں جنگی جرائم کا ریکارڈ جمع کرنے والے مرکز کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک میں حکومت کے خلاف شروع ہونے والے احتجاج کے بعد اب تک 669مظاہرین ہلاک اور 25ہزار زخمی ہوچکے ہیں۔بیان میں بتایا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کے کریک ڈائون میں اب تک 2800 مظاہرین کو حراست میں لیا گیا ہے۔خیال رہے کہ عراق میں گذشتہ چند ماہ سے جاری احتجاج کے دوران مظاہرین نے حکومت سے استعفی دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ اتوار کے روز عراق کے شہروں النجف، ذی قار، واسط اور دیگر بڑے شہروں میں حکومت کے خلاف مظاہرے دیکھے گئے۔