آرمی ایکٹ پر قانون سازی وقت کی اہم ضرورت تھی ،ساجد جاوید
کلرسیداں (نامہ نگار) پی ٹی آئی کے رہنما و سابق تحصیل صدر راجہ ساجد جاوید نے کہاہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے کثرت رائے سے آرمی ایکٹ پاس کروا کر سیاسی بالغ نظری کا ثبوت دیا ہے۔آرمی ایکٹ پر قانون سازی وقت کی اہم ضرورت تھی جس پر حکومتی اتحاد اور اپوزیشن دونوں خراج تحسین کے مستحق ہیں۔انہوں نے مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ،فوج اور پارلیمنٹ کی طاقت ایک ساتھ چلنے میں ہے، ملک کے مفاد میں تمام سیاسی جماعتوں نے قومی مفاد کواہمیت دی ملک کے مسائل کا حل پارلیمنٹ ہے قانون سازی کا عمل اتفاق رائے سے مکمل ہوا تمام سیاسی جماعتوں نے یکجہتی کا مظاہرہ کر کے قانون کو منظور کیا۔انہوں نے کہا کہ اختلاف رائے رکھنا جمہوری معاشرے کا حصہ ہے،جہاں غلطی ہو گی حکومت اس کی اصلاح کرے گی۔قانون سازی کسی ایک فرد یا ادارے کے سربراہ کیلئے نہیں تھی بلکہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی اور ہدایات کے مطابق ہوئی۔قانون سازی میں اپوزیشن نے حصہ لے کر تعمیری کردار ادا کیا ہے جس پر وہ خراج تحسین کی مستحق ہے۔