لاکھوں کے ڈاکے، فیصل آباد : مبینہ پولیس مقابلہ دو ڈاکو ہلاک، تین ساتھی فرار
لاہور، فیصل آباد (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) ڈاکوؤں اور چوروں نے شہریوں سے لاکھوں کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ ڈاکوؤں نے شاہدرہ ٹاؤن میں ندیم کے گھر گھس کر اہل خانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر 7 لاکھ، جنوبی چھاؤنی میں عمران اور اسکی فیملی سے 5 لاکھ، اسلام پورہ میں شاہد اور اسکی فیملی سے 4 لاکھ جبکہ نولکھا میں راحیل اور اسکی فیملی سے 3 لاکھ کی نقدی، طلائی زیورات،موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ نیوانارکلی میں شفیق احمد سے 4 لاکھ اور موبائل فون، غازی آباد میں جمشید سے 3 لاکھ، ڈیفنس میں ساجد سے ڈھائی لاکھ اور موبائل فون، لوئرمال میں اشرف سے 2 لاکھ اور موبائل فون، باغبانپورہ میں سلیم سے ڈیڑھ لاکھ اور موبائل فون، نصیر آباد میں شوکت سے ایک لاکھ اور موبائل فون، فیکٹری ایریا میں نذیر سے 26 ہزار اور موبائل فون لوٹ لیا۔ چوروں نے شادمان، گارڈن ٹاؤن اور لوئرمال سے تین کاریں جبکہ مصری شاہ، بادامی باغ، رائیونڈ، ستوکتلہ اور ہربنس پورہ سے پانچ موٹر سائیکلیں چوری کرلیں۔ دوسری طرف فیصل آباد کے علاقہ ڈجکوٹ میں مبینہ پولیس مقابلہ میں دو ڈاکو ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق تھانہ ڈجکوٹ کے علاقہ میں پولیس کی ایک ٹیم گشت پر تھی۔ انہوں نے دو موٹر سائیکل سوار ڈاکوئوں کو رکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے فائرنگ شروع کردی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے دو ڈاکو ہلاک ہوگئے جن کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی۔ مقابلہ کے دوران تین ڈاکو فرار ہوگئے۔