کرتار پور کوریڈور کی تعمیر جاری‘ وزیر مذہبی امور نے کام کا جائزہ لیا
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے کرتار پور کوریڈور ڈویلپمنٹ کا معائنہ کیا، بابا گورونانک کے آئندہ جنم دن کے موقع پر تعمیراتی کام مکمل ہو جائے گا۔ کرتار پور کوریڈور پر تیزی سے کام جاری ہے اس کا پہلا فیز جلد مکمل ہو جائے گا پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مکمل آزادی حاصل ہے پوری دنیا کے لئے امن کا پیغام ہے۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر مذہبی امور نے سکھ مذہب کے بانی روحانی پیشوا بابا گورونانک دیو جی مہاراج کے دربار گوردوارہ کے مقام پر تعمیراتی کام کے جائزہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ انشا اللہ بابا گورونانک کے آئندہ جنم دن کے موقع پر تعمیراتی کام مکمل ہو جائے گا گوردوارہ کو مذید خوبصورت بنایا جائے گا یہاں پر آنے والے سکھ زائرین کے لئے بہتر سے بہتر انتظامات کئے جائیں گے انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کے لئے ہماری طرف سے امن کا پیغام ہے انہوں نے کرتار پور کوریڈور کا بغور جائزہ لیا اور افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔