بیرون ملک جامعات میں 14 پاکستان چیئرز پر تعیناتیاں سیاست کی نذر
اسلام آباد (چوہدری شاہد اجمل) پاکستان کے تشخص، تاریخ اور ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے بیرونی ممالک کی جامعات میں چودہ پاکستان چیئرز پر تعیناتیاں سیاست کی نذر ہو گئی ہیں، موجودہ حکومت نے بیرون ملک 14پاکستان چیئرز پر سکالرز کی تعیناتی کے لئے نئے اشتہار کا فیصلہ کیا ہے، گزشتہ دور حکومت نے تعیناتی کے تمام مراحل مکمل کر لیے تھے اور تعیناتیوں کے لیے بھجوائی گئی سمری کی بھی وزیر اعظم سے منظوری لی جا چکی تھی۔ وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کے ذرائع کے مطابق موجودہ حکومت نے پاکستان کے تشخص، تاریخ اور ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے بیرونی ممالک کی جامعات میں چودہ پاکستان چیئرز پر تعیناتیوں کے لیے نئے سرے سے اشتہار کے ذریعے از سر نو ’’موزوں‘‘ امیدوار تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وزیر اعظم عمران خان کی سکالرز کی تلاش کے لیے سیاسی و پارلیمانی شخصیات کی بجائے ماہرین تعلیم پر مشتمل نئی سرچ کمیٹی تشکیل دینے کی بھی منظوری دے دی ہے، سرچ کمیٹی نے 14جنوری2018کو آسامیوں پر موزوں امیدواروں سے درخواستیں طلب کی ہیں،اس سے پہلے سابقہ حکومت کے دور میں کمیٹی نے 113درخواست گزاروں میں سے شارٹ لسٹنگ کے بعد 45امیدواروں کے5-6مارچ 2018کو انٹرویوز مکمل کیے تھے،سرچ کمیٹی نے 14پرنسپل امیدوار جبکہ 14ہی کورنگ امیدواروں کے نام کی سمری وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو بھجوائی تھی، 22مئی2018کو منظوری دیدی گئی تھی۔ذرائع کے مطابق وزیر تعلیم شفقت محمود نے 11نومبر2018کو اعلی سطح اجلاس میں منتخب سکالرز کی قابلیت کا ازسرنو جائزہ لیا ،وزارت تعلیم نے اسی اجلاس کے فیصلہ کی روشنی میں 4دسمبر2018کو سمری وزیر اعظم عمران خان کو بھجوائی ،سمری میں ان پوسٹوں پر دوبارہ مشتہر کرنے سمیت سرچ کمیٹی اور سلیکشن کمیٹی کی تشکیل میں تبدیلی لانے کی اجازت مانگی گئی تھی،:سرچ کمیٹی وزیر تعلیم بطور چیئرمین جبکہ سیکرٹری ایجوکیشن،چیئرمین ایچ ای سی ممبرز ہوں گے ، چار نامور ماہرین تعلیم کو بھی شامل کیا جائے گا،ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے 24دسمبر2018کووزارت تعلیم کی طرف سے بھجوائی گئی سمری کی منظوری دی تھی،جن ممالک میں پاکستان چیئرز خالی ہیں ان میں پیکنگ یونیورسٹی چائینہ،الاظہریونیورسٹی،قاہرہ(مصر)این شمس یونیورسٹی قاہرہ(مصر)،علامہ اقبال فیلوشپ ہیڈلبرگ جرمنی،کولمبیا، کیلفورنیا یونیورسٹیز امریکہ،کیمبرج اور آکسفورڈ یونیورسٹیز برطانیہ شامل ہیں، اس کے علاوہ انقرہ یونیورسٹی ترکی، بپٹسٹ یونیورسٹی ہانگ کانگ، تہران یونیورسٹی ایران، اردن یونیورسٹی اردن ،ٹریبوان یونیوسٹی کھٹمنڈو نیپال، قازقستان ابیلائی یونیورسٹی قازقستان شامل ہیں۔