ایف آر پشاور میں دو نئے تھانوں کے قیام کا فیصلہ، 600 اہلکار بھرتی کیے جائیں گے
پشاور(آئی این پی ) خیبر پختونخوا پولیس نے ایف آر پشاور میں دو نئے پولیس تھانے تعمیر کرنے کا فیصلہ کر لیا،ایک تھانہ ارمڑ میں شمشتو کیمپ جبکہ دوسرا متنی میں ضلع خیبر اور درہ آدم خیل کی حدود کے قریب تعمیر کیا جائیگا ، ایف آر پشاور، کوہاٹ، بنوں، ایف آر ٹانک، ایف آر لکی مروت میں بھی نئے پولیس تھانوں کا قیام عمل میں لایا جائیگا۔ تفصیلات کے مطابق خیبر پی کے پولیس نے ایف آر پشاور میں دو نئے پولیس تھانے تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دونوں تھانے پشاور پولیس کے ماتحت کام کریں گے جن کے لیے دو ایس ایچ اوز اور ایک ڈی ایس پی کی تعیناتی عمل میں لائی جائے گی جبکہ 600 سے 700 پولیس اہلکار بھی تعینات کئے جائیں گے جس کے لئے نئی بھرتیاں ہوں گی۔