پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر سکیورٹی کرنل محمد اعظم مستعفی
لاہور(نمائندہ سپورٹس) پاکستان سپر لیگ کے سپاٹ فکسنگ سیکنڈل سے شہرت حاصل کرنیوالے کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر سکیورٹی کرنل محمد اعظم پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کے آغاز سے قبل مستعفی ہو گئے۔ آئندہ ماہ شروع ہونے والے پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کے آغاز سے چند ہفتے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کو ایک اور دھچکا، پی سی بی کے ڈائریکٹر سکیورٹی کرنل محمد اعظم کرکٹ بورڈ کا ساتھ چھوڑ گئے۔ ذرائع کے مطابق بورڈ کی نئی انتظامیہ کے ساتھ انکے تعلقات زیادہ اچھے نہیں تھے۔ کرکٹ بورڈ کی اعلی ترین شخصیت ان کی جگہ کسی سابق پولیس افسر کو اس عہدے پر تعینات کرنا چاہتی تھی۔ اگر وہ مستعفی نہ ہوتے تو انہیں عہدے سے فارغ کر دیا جاتا۔کرنل محمد اعظم پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں سامنے آنے والے سپاٹ فکسنگ سیکنڈل کی وجہ سے خبروں میں آئے۔ پی سی بی کے سابق چیئرمین شہریار خان اور نجم سیٹھی نے ہمیشہ سپاٹ فکسنگ کیس کو بہتر انداز میں آگے بڑھانے اور ملکی کرکٹ سے کرپشن کے خاتمے کے لیے مثبت اقدامات پر ڈائریکٹر سیکیورٹی، اینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ کی حیثیت سے کرنل محمد اعظم کے کردار کی تعریف کی۔ سپاٹ فکسنگ سیکنڈل میں شامل کھلاڑیوں کو سزائیں بھی ہوئیں جبکہ کچھ کھلاڑیوں نے اعتراف جرم بھی کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کرنل محمد اعظم نے برخاست ہونے کے بجائے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا۔ ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق کرنل محمد اعظم نے گیارہ جنوری کو استعفی دیا جو کہ منظور کر لیا گیا ہے۔