جوہانسبرگ ٹیسٹ جنوبی افریقہ 303 پر آئوٹ، پاکستان کو جیت کیلئے 381 رنز کا ہدف
لاہور (سپورٹس رپورٹر )جوہانسبرگ ٹیسٹ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو جیت کے لیے 381 رنز کا ہدف دے دیا، ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم نے بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر 25 رنز بنا لیے ہیں۔دوسری اننگز میں میزبان ٹیم 303 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور پہلی اننگز میں 77 رنز کی برتری کی بدولت جنوبی افریقہ گرین کیپس کو 381 کا بڑا ہدف دینے میں کامیاب ہوگیا۔ اس سے قبل جنوبی افریقہ کے 262 رنز کے جواب میں قومی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 185 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔جوہانسبرگ ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں قومی فاسٹ بولرز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کے 4 کھلاڑی 50 رنز سے پہلے ہی پویلین بھیج دیے تاہم ہاشم آملہ اور ڈی کوک نے بھرپور مزاحمت کرتے ہوئے 102 رنز کی شراکت قائم کی، ہاشم آملہ 72 رنز کی اننگزکھیل کر آؤٹ ہوئے جبکہ ڈی کوک نے شاندار سنچری سکور کی، وہ 129 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ فلینڈر14، رباڈا 21 اور اولیور ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے، ڈیل سٹین صفر پر ناٹ آؤٹ لوٹے۔ فہیم اشرف اور محمد عباس نے 3،3 جب کہ محمد عامر 2 اور حسن علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔پہلی اننگز میں پاکستان کی بیٹنگ لائن ناکام رہی تھی، میزبان ٹیم کی جانب سے 4 کیچ ڈراپ اور ایک رن آؤٹ کا موقع ضائع کرنے کے باوجود قومی ٹیم پہلی اننگز میں 185 رنز پر آؤٹ ہوئی۔ قومی ٹیم کی جانب سے سرفراز احمد 50، بابر اعظم 49 اور امام الحق 43 کے علاوہ کوئی بھی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکا تھا۔ اولیوائر نے 5، فلینڈر نے 3 اور رباڈا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان نے 381رنز کے تعاقب میں تین وکٹوں کے نقصان پر 153رنز بنالئے ۔ میچ جیتنے کیلئے مزید 228رنز درکار جبکہ7 وکٹیں باقی ہیں ۔ امام الحق 35‘شان مسعود37اور اظہر علی 15رنز بناکر آئوٹ ہوئے ۔ اسد شفیق 48اور بابر اعظم 17 پر کھیل رہے تھے ۔ ڈیل سٹین نے دو جبکہ اولیویئر نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا ۔آج میچ کا چوتھا دن ہے ۔ جنوبی افریقہ کو تین میچوں کی سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے ۔