جھوٹ باہمی اعتماد کو ختم کرنے والا بدترین عمل ہے،محمد اطہر عطاری
کراچی ( نیوز رپورٹر)دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوری کے رکن محمد اطہر عطاری نے کہا ہے کہ ہمارے معاشرے کو تباہی کے کنارے کھڑا کرنے میں جوبرائیاں سرفہرست ہیں،ان میں سے ایک برائی جھوٹ ہے ،جھوٹ ہمارے معاشرے میں اپنی جڑیں اتنی مضبوط کرچکا ہے کہ اب ایک قدآور درخت بن چکا ہے اور معاشرے کا تقریباًہر طبقہ اس کی لپیٹ میں ہے۔ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد میمن نگر میں ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع سے بیان کرتے ہوئے کیا۔محمد اطہر عطاری نے کہا کہ جھوٹ تمام گناہوں کی جڑ ہے،جھوٹ تمام بری عادتوں میں سب سے بری عادت ہے،جھوٹ ایمان کو کمزور کرنے والا عمل ہے،جھوٹ معاشرے میں بگاڑ پیدا کرنے کا سبب ہے،جھوٹ باہمی اعتماد کو ختم کرنے والا بدترین عمل ہے،جھوٹ شیطان کا پسندیدہ کام ہے،جھوٹ انسانی تعلقات کو خراب کرنے والا کام ہے،سب سے بڑھ کر یہ جھوٹ اللہ عزوجل اور اس کے رسول ﷺ کی ناراضی کا سبب ہے۔انہوں نے کہاکہ باربار جھوٹ بولنا ایمان کی کمزوری پر دلالت کرتا ہے ،جھوٹا شخص یہ سمجھ رہا ہوتا ہے کہ جھوٹ بول کر اسے نقصان نہیں ہواتو یہ اسکی بھول ہے ، جھوٹ جھوٹے شخص کے باطنی بگاڑ کا سبب بنتا ہے ،جھوٹ جھوٹے شخص کو دوسرے گناہوں پر بھی دلیر کردیتا ہے۔