بھٹہ خشت پر قائم نان فارمل سکولوں میں طلبہ زیر تعلیم ہیں
جہلم(نامہ نگار) ضلع جہلم میں بھٹہ خشت پر قائم نان فارمل سکولوں میں طلبہ زیر تعلیم ہیں، بھٹہ خشت پر کام کرنیوالے مزدوروں میں سے جبری مشقت کا ایک بھی کیس سامنے نہیں آیا ،مزدوروں کوسوشل سکیورٹی کارڈز بھی جاری کیے جا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر جہلم محمد سیف انور جپہ نے ڈسٹرکٹ ویجیلنس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر تنویر ہمایوں، ڈی او انڈسٹریز مرزا سعید، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر سہیل ناصر، ڈی او انفارمیشن، صدر بھٹہ خشت ایسویسی ایشن، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل سکیورٹی اور دیگر افسران موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ بھٹہ خشت مزدوروں کے زیر تعلیم بچوں کو وظیفہ کی ادائیگی کیلئے ابتک متعدد خدمت کارڈ جاری کئے جاچکے ہیں، بھٹہ خشت پر جبری مشقت اور چائلڈ لیبر کسی صورت بھی برداشت نہیں ہوگی ، ایسا ہونے کی صورت میں بھٹہ خشت مالک کو قانونی کاروائی کا سامنا کرنا پڑے گا، اسسٹنٹ کمشنرز اس حوالے سے چیکنگ کو مزید سخت کردیں جبکہ سپیشل برانچ بھی ایسے بھٹہ جات کی نشاندہی کرے۔