سوار حسین شہید نشان حیدر سپورٹس سٹیڈیم گو جر خان میں فٹبال گراؤنڈقائم
گوجرخان (نامہ نگار)تحصیل سپورٹس کمیٹی گوجر خان کے زیر اہتمام سوار حسین شہید نشان حیدر سپورٹس سٹیڈیم گو جر خان میں فٹ بال گراؤنڈ کے تعمیراتی کام کے مکمل ہونے پر افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اسٹنٹ کمشنر/ چیئرمین تحصیل سپورٹس کمیٹی گوجرخان غلام مصطفی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں صحافیوں، کھلاڑیوں کے علاوہ متعددسیاسی وسماجی شخصیات نے بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر جہلم شمس توحید عباسی نے بھی تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس کے علاوہ گو جر خان سپورٹس کی اہم شخصیات راجہ اصغرسعید کیانی اور خواجہ حمیدالدین نے بھی کرکٹ انتظامیہ کے ہمراہ تقریب میں شرکت کی تحصیل سپورٹس آفیسر گوجر خان مظہر شیر نے مہمانوں اور کھلاڑیوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر سٹار فٹ بال کلب گو جر خان اور لجپال فٹ بال کلب کہوٹہ کے درمیان قائداعظم محمدعلی جناح کی یاد میں ایک نمائشی میچ بھی منعقد کیا گیا جو کہ لجپال بال کلب کہوٹہ نے 3-1 سے جیت لیا۔ معزز مہمانان گرامی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ اسسٹنٹ کمشنر/ چیئر مین تحصیل سپورٹس کمیٹی گوجر خان غلام مصطفی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تحصیل سپورٹس کمیٹی گوجر خان ہمیشہ کی طرح آئندہ بھی کھیلوں کی مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لئے اپنی کاوشیں جاری رکھے گی۔ تقریب میں شریک افراداور کھلاڑیوں نے تحصیل سپورٹس کمیٹی گوجر خان کے ان اقدامات کو بے حد سراہا۔