پاکستان گرین نے بھارت کو شکست دے کر کبڈی ٹاکرا کا ٹائٹل جیت لیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر) سہہ ملکی انٹرنیشنل کبڈی سیریز پاکستان گرین نے جیت لی۔ پنجاب سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے فائنل میچ میں پاکستان گرین نے بھارتی ٹیم کو 29 کے مقابلے میں 40 پوائنٹس سے شکست دی۔ جبکہ تیسری پوزیشن کے میچ میں پاکستان وائٹس نے ایران کو 24 کے مقابلے 31 پوائنٹس سے ہرایا۔ کبڈی ٹاکرا کے آخری روز پنجاب کے سینئر وزیر عبدالعلیم خان، میاں اسلم اقبال اور سپورٹس منسٹر رائے تیمور بھٹی بھی کبڈی سے لطف اندوز ہوئے۔ 8 جنوری سے شروع ہونیوالے انٹرنیشنل کبڈی ٹاکرا کے مقابلے بہاولپور اور ساہیوال میں بھی منعقد ہوئے جبکہ تیسری پوزیشن اور فائنل میچ لاہور میں ہوا۔ فائنل میں پاکستان گرین کی بھارت کے خلاف جیت پر شائقین اور کھلاڑیوں نے سٹیڈیم میں خوب جشن منایا۔ بھارتی کپتان نے کہا کہ پاکستان میں اپنے ملک جیسا پیار ملا جبکہ قومی پہلوانوں نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد سے پوری دنیا کو پیغام پہنچا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے۔ ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب میںپنجاب کے سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے گئے۔