وفاقی دارالحکومت کی صاف ستھرا رکھنے کیلئے روزانہ 700 ٹن کوڑا کرکٹ اٹھایا جاتا ہے، سردار خان زمری
اسلام آباد(اے پی پی) میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کے سینٹری ورکرز وفاقی دارالحکومت کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے روزانہ تقریبا ً 700 ٹن کوڑا کرکٹ اٹھاتے ہیں، شہر کو صاف رکھنے کے لیے تین مختلف پیکجوں میں تقسیم کیا گیا ہے ،ہر پیکج میں تین ، تین سیکٹر شامل ہیں،ایم سی آئی23 مارچ کے حوالے سے ریڈزون کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے 300 سینٹری ورکرز خصوصی طور پر بھجوائے گی۔ میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کے سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ کے ڈائریکٹر سردار خان زمری نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ اسلام آباد کے شہری اور دیہی علاقوں کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے سینٹری ورکرز ترجیحی بنیادوں پر کام کررہے ہیں،کارپوریشن نے شہر کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے جولائی 2018ء سے تین مختلف کمپنیوں کو صفائی کا ٹھیکہ دیا ہے اور اسلام آباد کو تین مختلف پیکیجوں میں تقسیم کیا ،ہر پیکیج میں تین ، تین سیکٹر شامل کیے گئے ہیں۔ پیکیج ون میں جی سکس، جی سیون ، جی ایٹ اوربلیو ایریا، پیکیج ٹو میں جی نائن ، جی ٹین، جی الیون اور کشمیر ہائی وے جبکہ پیکیج تھری میں آئی ایٹ ، آئی نائن ، آئی ٹین سمیت کھنہ ، لہتراڑ روڈ اور علی پور فراش کو شامل کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن ایک شفاف طریقے کے تحت ایک کمیٹی تشکیل دی تھی ۔کمیٹی کی منظوری کے بعد باقاعدہ طور پر اخبارات میں ٹینڈر دیے جس کے بعد اوپن بولی کے بعد میئر اسلام آباد کی منظوری سے ٹھیکہ مختلف ٹھیکیداروں کو دیا گیا۔ ڈائریکٹر نے کہا کہ صفائی کے حوالے سے ہر سال بعد جولائی سے دوسرے سال جولائی تک ٹھیکہ دیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے شہری اور دیہی علاقوں میں سینٹری ورکرز روزانہ تقریبا ً700 ٹن کوڑا کرکٹ اٹھاتے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ گھروں سے بھی کوڑے دان اٹھائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن نے 23مارچ کی تیاری کے حوالے سے خصوصی طور پر 300 سینیٹری ورکرز کو ریڈزون کو صاف ستھرا رکھنے کے لئے بھجوائے گی ۔