حضرت زینب ؑ نے صبر و عزم سے دنیائے شیطنت کو شکست فاش دی،شجاعت بخاری
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) تحریک نفاذفقہ جعفریہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل سیدشجاعت علی بخاری نے کہا ہے کہ صبر زینبیؑ پر عمل پیرا ہو کر دنیائے شیطنت کو شکست فاش سے دوچار کیا جا سکتا ہے ۔ اتوارکو قصرخدیجۃ الکبریٰ میں محفل عقیلہ بنی ہاشم سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ حضرت زینب ؑ بنت علی ؑ نے توحید و رسالت و ولایت کی اہم ترین ذمہ داری کو اس طرح نبھایا کہ سانحہ کربلا کو تاقیام قیامت جاوداں کردیا۔انہوں نے کہا کہ بنتِ علی ؑ و بتول ؐ نے اپنے خطابات کے ذریعے نہ صرف تاریخ کا رُخ موڑا بلکہ قصر ہائے یزیدیت کو بیخ و بُن سے اُکھاڑ دیااور تاریخ کے دھارے کا منہ موڑدیا۔انہوں نے کہا کہ زینب ؑ بنتِ علی ؑ وہ عظیم ترین بہادر و جری خاتون ہیں جنہوں نے تمام مصائب و آلام کو برداشت کیا مگر آبروئے دین پر کوئی آنچ نہیں آنے دی۔‘بانوئے اسلام کی آواز کوفہ و شام کے بازاروں ‘ابن زیاد و یزید کے درباروں کی فضائوں میں ہمیشہ گونجتی رہی۔ جو اس وقت بھی شرق و غرب ‘جنوب و شمال میں دنیائے مظلومیت کو تقویت بخش رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حضرت زینب ؑ کے عزم و ہمت سے حوصلہ پاکر کشمیروفلسطین اور افغانستان و عراق کے مظلومین یزیدانِ عصر سے نبردآزما ہیں ۔ محفل سے سیدضمیرکاظمی ، سیدنعیم کاظمی ، اسدحیدری نے بھی خطاب کیا۔