دارارقم سکول بہارہ کہو کے زیر اہتمام لیک ویو پوائنٹ میں کلچرل فیسٹیول
اسلام آباد(نا مہ نگار)دارارقم سکول بہارہ کہو کے زیر اہتمام لیک ویو پوائنٹ اسلام آباد میں کلچرل فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا،فیسٹیول کے مہمان خصوصی پاکستان انٹرنیشنل ہیومن رائٹس کے صدر ملک حبیب اللہ اورکزئی تھے۔کلچرل فیسٹیول میں طلباء و طالبات نے پنجاب ،سندھ،بلوچستان،خیبرپختونخوااور کشمیر کی ثقافت کو اجاگر کیابچوں نے اپنے اپنے علاقائی لباس ذیب تن کر رکھے تھے،انہوں نے ملی نغموں پر ٹیبلوز پیش کیے اور علاقائی رقص پیش کیا۔اس موقع پر سائنسی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جس میں بچوں کی طرف سے بنائے گئے سائنسی ماڈلز کو پیش کیا ،فیسٹیول کے شرکاء نے سائنسی نمائش میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا ،سائنسی نمائش میں مختلف پوزیشنیں حاصل کرنے والے بچوں میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے،اپنے خطاب میں ملک حبیب اللہ نے کہا کہ بچوں کی طرف سے بنائے گئے سائنس کے ماڈلز اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ پاکستان کا مستقبل محفوظ ہے ،اور ہمارے ملک میں ٹیلنٹ موجود ہے صرف اسے اجاگر کرنے کی ضرورت ہے،انہوں نے کہا کہ اگر ہم اپنی نوجوان نسل پر سرمایہ کاری کریں تو پاکستان ترقی کی بلندیوں پر پہنچ سکتا ہے ۔اس موقع پر سکول کے مینیجر سید اصغر علی شاہ ،دارارقم سکول کی پرنسپل نوشابہ اظہر نے بھی خطاب کیا۔