پی ایس لیگ میں شامل کھلاڑیوں کے کنٹریکٹ کی ادائیگی میںپی سی بی ناکام
لاہور(چوہدری اشرف) پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے انعقاد میں ایک ماہ باقی رہ گیا تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ لیگ میں شامل کھلاڑیوں کے کنٹریکٹ کی پچاس فیصد ادائیگی میں ناکام رہا ہے جس سے ملکی سیمیت غیر ملکی کھلاڑیوں میں تحفظات جنم لینا شروع ہو گئے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے فرنچائز مالکان سے کہا ہے کہ وہ کھلاڑیوں کے کنٹریکٹ کی رقم جمع کرانے کے لیے متعدد بار رابطہ کیا تاہم فرنچائز مالکان کا کہنا ہے کہ ابھی وہ یہ ادائیگی نہیں کر سکتے لہذا پاکستان کرکٹ بورڈ کھلاڑیوں کو پچاس فیصد ادائیگی ان کی جانب سے جمع کرائی گئی سیکورٹی سے ادا کر دیں۔ معاہدہ کے تحت پاکستان کرکٹ بورڈ پی ایس ایل میں شریک کھلاڑیوں کو رقم ادا کرنے کا پابند ہے جس کا پچاس فیصد ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل جبکہ باقی پچاس فیصد ادائیگی ٹورنامنٹ کے دوران کرنا ہوتی ہے۔ پی سی بی کی جانب سے کھلاڑیوں کو تاحال پچاس فیصد ادائیگی نہ ہونے کی وجہ سے ملکی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کے تحفظات دن بدن بڑھنا شروع ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق غیر ملکی کھلاڑیوں نے رقم کی ادائیگی کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ سے رابطہ کیا ہے جس پر انہیں بورڈ اور پی ایس ایل مینجمنٹ کی جانب سے انہیں تسلی دی گئی ہے کہ فرنچائزر کی جانب سے جیسے ہی بورڈ کو پیسے مل جائیں گے کھلاڑیوں کو ادائیگیاں کر دی جائیں گی۔ ایک فرنچائز کے آفیشل سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے پاس فرنچائزر کی سیکورٹی اور میڈیا رائٹس کی فروخت کے 70 ملین ڈالر موجود ہیں اگر اس میں سے کھلاڑیوں کی پچاس فیصد ادائیگی کر دی بھی جائے تو پی سی بی کو کوئی فرق نہیں پڑے گا کیونکہ ٹورنامنٹ کے اختتام پر پی سی بی نے فرنچائزر کو پیسے ادا کرنے ہیں وہ بے شک کھلاڑیوں کی فیس کاٹ کر واپس کر دے۔